لاہور، پنڈی، مردان، بلوچستان میں سرچ آپریشن، کمانڈر کالعدم تنظیم سمیت 240 گرفتار
لاہور/ راولپنڈی/ مردان/ کوئٹہ (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) تھانہ داتا دربار کے علاقہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 50 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لئے افراد میں 3 افغان بھی شامل ہیں جن کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مشتبہ افراد کے پاس نہ تو شناختی کارڈ تھے اور نہ ہی وہ اپنی شناخت ظاہر کرسکے۔ راولپنڈی پولیس نے تھانہ صادق آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دو افغان باشندوں سمیت 170 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار افراد سے اسلحہ اور لیپ ٹاپ برآمد کرلئے۔ سپیشل پولیس یونٹ مردان ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کرلیا اور اسکے قبضے سے بارود اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ کارروائی ترناب چوک چارسدہ میں کی گئی جس کے دوران کمانڈر یارمت شاہ پکڑ گیا۔ ملزم کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔ ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے پنجگور کے علاقے پروم میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے غیرملکی کرنسی اور لیپ ٹاپ بھی قبضہ میں لئے گئے۔ حب کے علاقے گلشن مزدور فرنٹیئر کور بلوچستان نے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقوں مرغہ کیزئی، سڈئی ورنہ اور عبداللہ زئی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے 8 مشتبہ دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے مسمار کر دئیے گئے۔ پولیس نے کوئٹہ کے علاقے سریاب میں کارروائی میں آٹھ ملزم گرفتار کر لئے اور 22 رائفلیں اور دس ہزار گولیاں برآمد کرلیں۔ گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر مستونگ سے دو ملزم گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ ملزم دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔