پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج فلائٹ آپریشن معطل ٹرینیں تاخیر کا شکار
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) پنجاب کے مختلف علاقوں میں گذشتہ روز بھی دھندکا راج رہا۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا، کئی ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ رحیم یار خان میں شدید دھند کے باعث قومی شاہراہ پر تین گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ لاہور، سیالکوٹ، سکھر میں بھی شدید دھند رہی۔ صادق آباد میں حد نگاہ صفر ہونے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک روک دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ موسم کی صورتحال کے مطابق پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں آگئے۔ لیہ اور جوہرآباد میں حد نگاہ 50 میٹر، خانپور60، ڈی جی خان 70، جھنگ 80، ملتان، بھکر، منڈی بہائو الدین، بہاولپور ائرپورٹ پر 100، فیصل آباد، کوٹ ادو، اوکاڑہ 200، رحیم یار خان، ساہیوال 300، جہلم، منگلا 500، نوابشاہ حد نگاہ 700 میٹر رہی۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ بہاولپور شہر اور گرد و نواح میں دھند کی وجہ سے متعدد مقامات پر حد نگاہ صفر ہے۔ موٹر وے حکام کے مطابق لودھراں سے چنی گوٹھ تک قومی شاہراہ شدید دھند کی لپٹ میں آگئے اور ساہیوال، دنیا پور، چیچہ وطنی، خانیوال، لودھراں، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ شدید دھند کے باعث موٹر وے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو انتہائی محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی۔ جھنگ اور گردونواح میں بھی دھند کا راج رہا۔کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر تا بیس میٹر رہی۔ دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی رہی جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردو نواح میں دوسرے روز بھی شدید دھند چھائی رہی، شہر اور گردو نواح میں دھند کے ساتھ چلنے والی سرد ہوائوں کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا جس کے باعث کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ کمالیہ اور گردو نواح میں تیسرے روز بھی دھند چھائی رہی جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ معمولی ٹریفک کے متعدد حادثات میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ سوہدرہ میںدھند کے باعث سردی میں شدید اضافہ ہوتے ہی لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ بازاروں میں رونقیں کم پڑ گئیں۔ خشک میوہ جات کی مانگ میں زبردست اضافہ ہو گیا۔ دلے والا اور علاقہ تھل میں دو دن سے دھند کا راج ہے۔ جس سے کاروباری سرگرمیاں اور نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا۔