• news

جگہ جگہ ناکوں ‘تلاشیوں کے باوجود 40ہزار فلسطینی قبلہ اوّل میں داخل

مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) اسرائیل کی حسب معمول پابندیوں کے باوجود 40ہزار فلسطینی جمعہ کی نماز قبلہ اوّل میں ادا کرنے میں کامیاب رہے۔ گزشتہ روز علی الصبح ہی صہیونی فوجیوں اور پولیس نے مسجد اقصیٰ کے اطراف کو گھیرے میں لے لیا تھا اور شہریوں کو قبلہ اوّل میں داخل ہونے سے روک رہے تھے۔ اس کے باوجود فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے علاوہ مقبوضہ شہروں، مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی سے بھی شہری نماز جمعہ کیلئے قبلہ اول میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے شہریوں کو قبل اول تک پہنچنے سے روکنے کیلئے جگہ جگہ ناکے لگا کر شہریوں کی تلاشی لینے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔ مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی امامت و خطابت کے فرائض ممتاز عالم دین الشیخ محمد سلیم نے انجام دیئے۔ انہوں نے جمعہ کے خطبہ میں قبلہ اول کے خلاف جاری صہیونی ریشہ دوانیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہودی انتہا پسند تسلسل کیساتھ قبلہ اول کا تقدس پامال کررہے ہیں۔ انہوں نے قبلہ اوّل پردھاوے بولنے والے انتہا پسند یہودیوں کو دجال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے دجالوں کیلئے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کو حرام قرار دے رکھا ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کوخبردار کیا کہ وہ صہیونی دجالوں کی سازشوں سے باخبررہیں اور انہیں ناکام بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن