لاہور: عشق میں ناکامی، نوجوان نے گولی مار کر زندگی ختم کرلی، شہداد کوٹ میں 11 ویں کے طالبعلم کی خودکشی
لاہور+ شہداد کوٹ (سٹاف رپورٹر+ این این آئی) تھانہ شیرا کوٹ کے علاقہ میں عشق میں ناکامی پر نوجوان نے گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے واقعہ کی رپٹ درج کرلی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ شیرا کوٹ کے علاقہ موہڑہ شریف کا 18 سالہ مظہر حلیم کی دکان پر کام کرتا تھا۔ مظہر (ع) نامی لڑکی سے شادی کا خواہاں تھا جبکہ لڑکی نے شادی سے انکار کردیا جس پر مظہر شدید پریشان ہوگیا اور اس نے پسٹل کنپٹی پر رکھ کر گولی چلا دی۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے نوجوان نے لڑکی کے شادی سے انکار کرنے پر مایوس ہو کر خودکشی کی ہے۔ اہل خانہ اور اہل علاقہ کے بیان لے لئے گئے ہیں۔ دریں اثنا شہدادکوٹ میں گیارہویں جماعت کے طالب علم نے پسند کی شادی نہ ہونے پرخود کو گولی مارکر خودکشی کرلی ہے۔ شہر کے مسن محلہ کے 18 سالہ نوجوان فیاض حسین مرکھنڈ نے اپنے گھرمیں کمرے کے اندر رپیٹر سے فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا چراغ بجھا دیا۔ بتایا جاتا ہے متوفی نوجوان شہر کے ایک میڈیکل سٹور پر کام کرتا تھا۔
خودکشیاں