• news

گیس پائپ لائن پر اہم پیشرفت کا امکان، شاہد خاقان ایران جائینگے

لاہور (آئی این پی+ این این آئی) ایران پر امریکی پابندیاں ختم ہونے سے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اہم پیشرفت کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک میں منصوبے کی تعمیر پر عملدرآمد کے لئے بات چیت جلد شروع ہوگی۔ اس سلسلے میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ایران کا دورہ کریں گے۔ پاکستان ایران منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان کو 75 کروڑ مکعب فٹ گیس یومیہ حاصل ہوگی۔ ایران پر پابندیاں ہٹنے کے بعد سکڑی ہوئی پاکستان، ایران تجارت قلیل عرصے میں ایک ارب ڈالر تک بڑھ سکتی ہے۔ پاکستان ایران کی پرکشش چاول کی مارکیٹ میں بھارت کو ٹف ٹائم دے سکتا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق ایران پر معاشی پابندیوں سے قبل پاکستان، ایران تجارت ایک ارب 32 کروڑ ڈالر تھی جو سکڑ کر صرف 26 کروڑ ڈالر رہ گئی تھی، پابندیاں ہٹنے اور دبئی کی بجائے براہ راست تجارت سے گوشت اور پیپر ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا، پابندیوں کے بعد بھارتی چاول نے ایرانی مارکیٹ میں پاکستانی چاول کی جگہ لے لی تھی، اب پاکستانی برآمد کنندگان اپنا حصہ واپس لینے کو تیار ہیں۔ اب ایران سے ایل پی جی، تیل اور گیس کی خریداری بھی ممکن ہوسکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن