نئی دہلی: وزیراعلیٰ کیجریوال پر تقریب میں خاتون نے سیاہی پھینک دی
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ ارویند کیجریوال پر سیاہی پھینک دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نئی دہلی اروند کیجریوال سٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ اسی دوران ایک خاتون بھاونا اروڑا نے ان پر سیاہی پھینک دی۔ سیاہی سٹیج پر بیٹھے مہمانوں کے منہ پر جاگری۔ سیاہی پھینکنے کے بعد خاتون نے نعرے بازی بھی کی اور وزیراعلیٰ کیخلاف احتجاج کیا۔ اس نے عام آدمی پارٹی پر کرپشن کا الزام لگایا اور کہا وہ پارٹی کارکن ہے اور اس کے پاس پارٹی کی کرپشن کے ثبوت موجود ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا تاہم وزیراعلیٰ کیجریوال نے خاتون کو فوری چھوڑنے کا حکم دیدیا۔ نئی دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسوڈیا نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ نئی دہلی پولیس اور بی جے پی کی مشترکہ سازش ہے جو عام آدمی پارٹی اور وزیراعلیٰ کیجریوال کی کامیابی سے خائف ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔