سراج الحق کا مارچ سے کرپشن کیخلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنیکا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے یوتھ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے مارچ سے ملک بھر میں کرپشن کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ساتھ ملا کر ملک و قوم کو مٹھی بھر اشرافیہ سے نجات دلائینگے اور ہر نوجوان کو پاکستان کا حکمران بنائینگے، نوجوانوں ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکے ہیں اب کرپٹ اشرافیہ کو نوجوان گریبانوں سے پکڑ کر پائی پائی کا حساب لیں گے، کرپشن کرنے والوں کی تفصیلات جمع کرلیں ہیں اور یہ تفصیلات عوام کے سامنے رکھیںگے، سٹیل مل، پی آئی اے، ریلوے، بینکوں اور قومی اداروں کو لوٹنے والے چوروں کو گریبان سے پکڑنے کا وقت آگیا ہے، نوجوان ہمارا مستقبل ہے لیکن کرپٹ اور استحصالی نظام کی وجہ سے ہمارے باصلاحیت نوجوان مایوسی کے شکار ہیں اور موجودہ نظام سے باغی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جماعت اسلامی یوتھ کے زیر اہتمام تین روزہ فیسٹیول کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مفت لکی ڈرا کے خوش نصیبوں میں موٹر سائیکل، واشنگ مشینیں اور موبائل سیٹس اوردیگر اشیاء بھی تقسیم کیں، سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان کا سوال ہے کہ حکمران اشرافیہ کے کتے پلائو اور قوم کے بچے گندگی کے ڈھیروں میں رزق تلاش کرنے پر مجبور کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے اپنے گردے فروخت کرنے پر مجبور ہیں، استحصالی نظام جہاں پر سفارش اور رشوت کے بغیر روزگار کا حق نہیں ملتا انصاف نہیں ملتا اس استحصالی نظام نے نوجوانوں کو دہشت گرد بنایا۔ مجھے اللہ نے موقع دیا تھا اور تب میں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں میٹرک تک تعلیم مفت کردی تھی اب انشاء اللہ ہم عملی طور پر پورے پاکستان میں تعلیم کو مفت کریں گے۔ 293ارب ڈالر لوٹ کر حکمرانوں نے باہر کی بینکوں میں جمع کئے ہیں لیکن اب نوجوان ان لوٹنے والوں کی دم پر پائوں رکھنے والے ہیں اوران سے کہیں گے کہ پہلے لوٹی گئی دولت پاکستان لائیں تب نوجوان آپ کو چھوڑینگے۔ ہم اقتصادی راہداری مغربی روٹ کی حمایت کرتے ہیں۔ امریکہ نے سب سے پہلے عراق کو تباہ کیا تھا اور پھر کرنل قذافی کو قتل کیا امریکہ نے ہر اس ملک کو قبرستان بنایا جس نے اس کے ساتھ دوستی کی تھی ہم حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ امریکہ سے دشمنی اتنی خطرناک نہیں جتنی دوستی خطرناک ہے۔ حکمران بھارتی اور امریکہ نواز پالیسیاں ترک کرکے ملک کی سالمیت اور بقاء کیلئے دیرپا اور مستقل پالیسیاں بنائیں۔ تقریب کے دوران ایک بزرگ پختون شہری شادی کیلئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے پیچھے پڑ گیا اور شادی کرانے کی بار بار درخواست کرتا رہا۔