دوسرا ٹی ٹونٹی: کیویز اوپنرز کا نیا عالمی ریکارڈ‘ پاکستان کو 10 وکٹ سے ہرا دیا
ہملٹن (اے ایف پی+ این این آئی) دوسرے ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے گزشتہ روز اوپنگ پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا کر پاکستان کو 10وکٹوں سے شکست دیدی۔ ہملٹن میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 169رنز کا ہدف دیا جو انہوں نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر حاصل کر لیا۔ مارٹن گپٹل نے 87 جبکہ ولیم سن نے 72 رنز سکور کیے، دونوں کھلاڑیوں کی شاندار بیٹنگ کے دوران شاہینوں کی بولنگ کسی کام نہ آئی اور مارٹن گپٹل کین ولیم سن کے ساتھ مل کر عامر اور آفریدی جیسے بولرز کے ہر جتن کو فیل کرتے رہے۔ کیویز بیٹسمینوں نے 169 رنز کا ہدف 17.4 اوورز میں پورا کرلیا۔ اس سے قبل میچ میں عمر اکمل نے ففٹی مکمل کی اور 55 رنز ناٹ آئوٹ رہے۔ شعیب ملک نے 39 رنز بنائے، پروفیسر نے 19 جبکہ احمد شہزاد نے 9 رنز سکور کئے۔ عماد وسیم 8 جبکہ آفریدی نے صرف 6 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے مچل میک نے 2 جبکہ ایڈریسن اور سینٹنر نے 1,1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کیویز بلے بازوں نے ٹی ٹونٹی میں سب سے بڑی شراکت داری کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس سے قبل پہلی وکٹ کی پارٹنر شپ کا ریکارڈ 170 رنز تھا جو جنوبی افریقہ کے گریم سمتھ اور لائن برسمن نے قائم کیا تھا۔ پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 22 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ میچ کے بعد کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ہمارے بولرز توقعات پوری نہ کرسکے، کوشش کریں گے کہ اگلے میچ میں اچھا کھیل پیش کر سکیں۔ ہمارے بولرز نروس ہو گئے تھے، انہوں نے خراب بولنگ کی اور نیوزی لینڈ نے اچھا کھیل پیش کیا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بلے بازوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا ہے کہ پچھلے میچ کی غلطیوں سے سیکھا اور اچھا کم بیک کیا، اگلے میچ میں جیت کے تسلسل کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے پاکستانی ٹیم بہت مضبوط ہے۔