اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام کے دوران کرین بجلی کے تار سے ٹکرا گئی‘ 2 مزدور جاں بحق
لاہور ( سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں میٹرو اورنج لائن ٹرین ٹریک کیلئے کام کرنے والی کرین 11ہزار کے وی تار کو چھونے سے دو مزدور جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے نزدیک کام کے دوران کرین آپریٹر نے اس بات کا دھیان رکھے بغیر کہ اوپر سے گیارہ ہزار کے وی کی لائن گزر رہی ہے کرین کا رخ موڑا جس سے کرین کا اوپری حصہ بجلی کے تار سے چھو گیا اور چھوتے ہی کرین میں موجود دو مزدور انوار اور شبیر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے دو ساتھی سجاد اور احسن کرنٹ لگنے سے بری طرح زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے دونوں مزدوروں کا تعلق نارووال سے ہے۔ پولیس نے حادثے کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے 2 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور مزدوروں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی مزدوروں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس افسوسناک حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔مزدوروں کی ہلاکت پر اہل علاقہ کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ یاد رہے کہ اورنج ٹریک کی تعمیر کے دوران ہلاک ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے جن میں خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔