پٹھانکوٹ حملہ کو جواز بنا کر بھارت نے پاکستانی سرحد کے ساتھ لیز روال لگانا شروع کر دی
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز نے پٹھانکوٹ واقعہ کو جواز بناتے ہوئے دراندازی کا بہانہ بناکر پنجاب سے ملحقہ سرحد کے مختلف مقامات پر لیزر وال لگانے کا کام شروع کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے پاکستان سے ملحقہ سرحد کے 40 مقامات پر جدید ترین لیزر وال لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ یہ لیزر وال پاکستان کے صوبہ پنجاب میں داخل ہونے والے ان دریائوں اور نہروں کی گزرگاہوں پر لگائی جا رہی ہے جہاں مخصوص باڑ نہیں لگائی جا سکتیں۔ بی ایس ایف نے ابتدائی طور پر 5 سے 6مقامات پر لیزر وال نصب بھی کر دی ہے۔ پٹھان کوٹ ائربیس پر حملے کے بعد بھارتی وزارت داخلہ نے مخصوص مقامات پر ہنگامی طور پر لیزر وال لگانے کی منظوری دی ہے۔ لیزر وال جدید ترین الارم سسٹم سے لیس ہے اور کسی بھی چیز کے اس لیزر وال سے گزرنے کی صورت میں فوری طور پر سائرن بجنا شروع ہو جائیں گے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹھان کوٹ ائربیس پر حملہ کرنے والے بامیال سے دریائے سرحد پار کرکے داخل ہوئے تھے، اس مقام پر لیزر وال نہ ہونے کی وجہ سے ہی بھارتی حکام کو حملہ آوروں کے داخلے کا علم نہیں ہو سکا تھا لیکن ان کے اس دعوے کی تردید اس بات سے ہوتی ہے کہ بی ایس ایف کی جانب سے وہاں نصب انتہائی جدید ترین کیمرے میں بھی ان کی کوئی فوٹیج حاصل نہیں ہو سکی۔ سرحد پر نفری بڑھا دی گئی ہے اور نگرانی کے لئے پٹرولنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔