پراسیکیوشن بل پر واویلا بلاوجہ ہے، وزیراعظم کو دورہ سعودی عرب پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا: مولا بخش چانڈیو
کراچی (سٹاف رپورٹر) صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے پراسیکیوشن بل کے حوالے سے تنقید پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پراسیکیوشن بل سے متعلق غلط تاثر پیدا کرکے بلاوجہ واویلا مچایا جا رہا ہے جبکہ بل کا مقصد پراسیکیوشن کے عمل کو مضبوط کرنا اور پراسیکیوٹر کو بااختیار بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پراسیکیوشن بل میں کوئی ایسا نقطہ شامل نہیں ہے جس میں عدلیہ کے اختیارات میں مداخلت کی گئی ہو۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو اپنے دورہ سعودی عرب اور ایران سے قبل پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا کیونکہ قومی سلامتی کے معاملات تنہا طے کرنے سے ملک اور جمہوریت کو نقصان ہوسکتا ہے۔