• news

وزیراعظم کی ہدایت پر شروع ہونے والا اسلام آباد کی بحالی کیلئے اربوں کا پروگرام منسوخ

اسلام آباد (وقائع نگار) وزیراعظم کی ہدایت پر شروع ہونے والا اسلام آباد کی بحالی کا اربوں روپے کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے۔ وزیر کیڈ کی ہدایت پر سی ڈی اے نے مذکورہ گرانٹ سے مارگلہ ایونیو پر تین نئے انڈر پاسز بنانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ فنڈز وزیراعظم نے اسلام آباد کی خراب سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لئے فراہم کئے تھے منصوبہ منسوخ ہونے سے سیکٹرز کے مکینوں میں سخت مایوسی پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی انتظامیہ نے مذکورہ منصوبے کے بقیہ دو ارب روپے سے تین انڈر پاسز بنانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اس ذریعے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ سال ایکسپریس وے کی توسیع منصوبے کی افتتاحی تقریب میں اسلام آباد کی اہم سڑکوں اور مختلف سیکٹرز کی رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لئے پانچ ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم کی اس اعلان کردہ گرانٹ میں سے دو ارب روپے ایکسپریس وے کی پہلے مرحلے کے لئے مختص کیا گیا تھا جبکہ تین ارب روپے اسلام آباد کی سڑکوں کی بحالی کے پروگرام کے لئے رکھا گیا تھا جس میں ایک ارب روپے سے جی سیکٹرز کی سڑکوں کی بحالی کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے تاہم سی ڈی اے نے وزیر کیڈ کی ہدایت پر ایف، ایچ اور آئی سیکٹرز کی رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لئے بقیہ پروگرام کو اچانک منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن