بھارتی وزیر دفاع غلط فہمی میں نہ رہیں ایک ٹارگٹ کیا تو پاکستان انکے ہاں 100 نشانے لگائے گا: شیخ رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ایک ٹارگٹ پاکستان میں کیا تو سو ٹارگٹ بھارت میں ہونگے۔ پاکستان میں بہت سی جہادی تنظیمیں ہیں جنہیں فوج نے روکا ہوا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کو بہت بڑی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی فوج کی بات سعودی عرب میں مانی جاتی ہے۔ نوازشریف اکیلے سعودی عرب میں کچھ نہیں کرسکتے۔ پٹھانکوٹ حملہ بھارت کی اپنی کمزوریوں کا نتیجہ ہے۔ پٹھانکوٹ حملے سے ایک دن پہلے بھارت میں ریڈ الرٹ تھا۔ پاکستانی ٹیم نے بھارت میں کوئی چوک یا ٹیمپل نہیں دیکھا، اگر پاکستانی تفتیشی ٹیم کو پٹھانکوٹ ائربیس نہ جانے دیا تو کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسعود اظہر جہادی ہے جو بھارت سے رہا ہو کر آیا، بغیر ثبوت کے پاکستانی حکومت کو بھارت کے سامنے نہیں لیٹنا چاہئے۔ انہوں نے کہا عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین کو لندن سے لانا ممکن نہیں۔ الطاف حسین ان مقدمات سے بری ہوجائیں گے۔