سماج دشمن عناصر کے خلاف رینجرز کا آپریشن جاری رکھا جائے، نیشنل یوتھ اسمبلی کا متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستانی نوجوانوں کے منظور شدہ ادارے’’نیشنل یوتھ اسمبلی‘‘ نے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے رینجرز کے کامیاب آپریشن پر وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو بغیر کسی دباؤ کے جاری رکھا جائے۔ تقریب حلف برداری اور یوتھ پارلیمانی اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ ملک بھر کے پچاس اضلاع کے نومنتخب ممبران سے ہائر ایجوکیشن کمشن آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر مختیار احمد نے نئی ذمہ داریوں کا حلف لیا۔ اجلاس سے صوبائی وزیر بلوچستان رحمت صالح بلوچ، سینیٹر طلہ محمود، رانی عتیقہ غضنفر، اداکار جمال شاہ، وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی شاہد صدیقی اور نیشنل یوتھ اسمبلی کے صدر حنان علی عباسی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین نے نیشنل یوتھ اسمبلی کو پاکستان کے چالیس اضلاع کی ضلعی حکومتوں اور تیس بڑی یونیورسٹیوں سے باضابطہ الحاق پر نیشنل یوتھ اسمبلی کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں نیشنل یوتھ اسمبلی کے ممبران امر خان، راحیل عرفان، عیاب احمد، نوید احمد خان، سحر عباس، عمیر احمد، حافظ رضیم، داؤد خان، زوبیہ توقیر، تہریم زبیر، کاظم میر، آفاق جان مروت اور دیگر نے اپنی اپنی قراردادوں کے حق میں دلائل بھی دیئے۔