کشمیر میں غیریقینی صورتحال عوام کے مفاد میں نہیں:فاروق عبداللہ
سری نگر(کے پی آئی)نیشنل کانفرنس کے سرپرست و سابق وزیراعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مقبوضہ کشمیر کے گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی، فاروق عبداللہ نے کہاکہ جموں و کشمیر میں موجودہ سیاسی غیر یقینی صورتحال ریاست کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگر بھاجپا اور پی ڈی پی نے10ماہ حکومت کی تو انہیں اب کیا ہوگیا ہے کیونکہ انہیں حکومت سازی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔فاروق عبداللہ نے گورنر کیساتھ ایک گھنٹے تک طویل میٹنگ کی جس میں ریاست کی سیاسی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ گورنرکیلئے طویل مدت کے لئے ریاست کو چلاناممکن نہیں ہوگا۔ان کاکہناتھا میں سابق اتحادی جماعتوں پر زور دیتاہوں کہ وہ آگے آئیں اور ریاست کے عوام کے بہتر مفاد میں حکومت کی تشکیل پر تبادلہ خیال کریں۔ پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا بھارت اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات کی بحالی کیلئے مذاکراتی عمل جاری رکھنا ناگزیر ہے۔