• news

نیوزی لینڈ سے شکست‘ سابق ٹیسٹ کرکٹرز قومی ٹیم پر برس پڑے

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 10 وکٹوں سے شکست کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم کو مضبوط حکمت عملی کے ساتھ میدیان میں اترنا ہوگا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل ہمیں انہی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرنا ہوگا۔ احمد شہزاد مسلسل ناکام جا رہا ہے آفریدی کو ان کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو اننگز بنانے کا نہیں پتہ ہے۔ صہیب مقصود کی ابھی گرومنگ کی ضرورت ہے اگر انہوں نے اسی طرح غیر ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو ان کا کیرئر زیادہ لمبا نہیں ہو سکے گا۔ پہلے میچ میں ہم نے انہی باولرز کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی تاہم دوسرے میچ میں ایسا کیا ہوا کہ ہمارے باولر بلکل بے بس ہو گئے۔ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کو اس بارے میں سوچنا ہوگا۔ سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی آج مختلف حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے تھے جس کی وجہ سے کامیابی ان کا مقدر بنی۔ بلے بازوں نے اپنا حق ادا کر دیا تھا بعد میں ذمہ داری باولرز پر عائد ہوتی تھی کہ وہ اس ٹوٹل کا دفاع کرتے لیکن کیویز اوپنرز نے ہمارے باولرز کی تمام حکمت عملی صفر کر دی، میچ میں ہمارے کھلاڑیوں کی فیلڈنگ معیار بھی انتہائی ناقص رہا ہے۔ سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ایم عامر کو اگر آپ نے ٹیم کا حصہ بنانا ہے تہ ان پر اعتماد کرنا ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دو سرے ٹی ٹونٹی میچ میں ہمارے باولرز کی باولنگ انتہائی مایوس کن نظر آئی۔ سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام باولرز پریشان دکھائی دیئے جس کی بنا پر ہمیں شکست ہوئی۔ پاکستان ٹیم کے اوپنگ کی جوڑی میں تبدیلی کی ضرورت ہے احمد شہزاد مکمل ناکام ہے وہ گلی محلے والی کرکٹ کھیل رہا ہے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسے رنز نہیں ہوتے۔ آپ کو اگلے میچ کے لیے اچھی پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے، عامر سہیل کا کہنا تھا کہ یہی کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ اب عالمی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں جانا ہے۔ فیصلہ کن میچ میں پاکستان ٹیم کو پہلے کھیل کر بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانا ہوگا پاکستان ٹیم ہدف کے تعاقب میں اچھی نہیں ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ابھی سیریز اوپن ہے، دونوں ٹیموں کی جیت کے امکانات ففٹی ففٹی ہیں۔ پاکستان ٹیم کم بیک کر سکتی ہے۔ ہمارے باولرز کی کارکردگی وہ نہیں رہی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن