ایشیئن گیمز: ایم اخلاق سری لنکن ہاکی ٹیم کے کوچ مقرر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) 2010ءساوتھ ایشین گیمز کی گولڈ میڈلسٹ پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر و کوچ اولمپیئن ایم اخلاق کو اگلے ماہ بھارت میں منعقد ہونے والی گیمز کے لیے سری لنکن ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ سری لنکن ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ فروری 2016ءگوہاٹی میں منعقد ہونے والی ساوتھ ایشین گیمز کے لیے کوچ مہیا کیا جائے جس کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن نے 2010ءڈھاکہ میں کھیلی جانے والی گیمز کے ہاکی ایونٹ کی فاتح گولڈ میڈلسٹ پاکستان ٹیم کے منیجر و کوچ ایم اخلاق کا نام انہیں بھجوایا جس پر سری لنکن ہاکی فیڈریشن نے رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے انہیں کولمبو میں ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے بلا لیا۔ ایم اخلاق گذشتہ روز لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم اخلاق کا کہنا تھا کہ ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹائٹل کی جیت کے لیے فیورٹ ہیں تاہم میری کوشش ہوگی کہ ایونٹ میں اپنی سری لنکن ٹیم کو وکٹری سٹینڈ تک رسائی کرانے میں کامیاب ہو جاﺅں۔ انکا کہنا تھا پاکستان ہاکی اور میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے میرا نام انہیں بھجوایا گیا تھا۔ میری کوشش ہوگی کہ محنت کے ذریعے سری لنکن ٹیم کو بہتر پوزیشن پر لا سکوں۔ ساوتھ ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال، بھوٹان اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔