امین فہیم کی نشست پر پی پی امیدوار مخدوم سعید الزماں بھاری اکثریت سے کامیاب
مٹیاری، ہالا (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق سندھ کے حلقہ این اے 218 مٹیاری سے پیپلز پارٹی کے مخدوم سعید الزمان ایک لاکھ 14 ہزار 89 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ انکے مدمقابل مجلس وحدت مسلمین کے فرمان علی شاہ 13 ہزار 929 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی امیدوار کی کامیابی پر ہالا میں مخدوم ہاؤس اور سروری تنظیم کے حامیوں نے جشن منایا۔ امین فہیم کی خالی ہونے والی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں غیرحتمی نتائج کے مطابق پی پی امیدوار مخدوم سعید الزماں بڑی اکثریت سے کامیاب ہوکر پہلے نمبر پر ہے جبکہ آزاد امیدوار سید فرمان شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔ پی پی امیدوار کی کامیابی کے بعد ہالا میں سروری تنظیم کے ضلعی رہنما محمد بچل مغل کی قیادت میں نوجوانوںکی جانب سے رقص کرتے ہوئے مخدوم سعید الزماںکی حمایت میں نعرے بازی کی گئی ۔ علاوہ ازیں مٹیاری کے مطابق اے پی پی کے مطابق این کے 218 مٹیاری میں ضمنی انتخاب کیلئے 2400 پولیس اور 300 رینجرز اہلکار تعینات کئے گئے پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مٹیاری کے حلقہ این اے 218 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو گئی پولنگ کے آغاز میں ہی لوگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ ضمنی انتخابات کیلئے 263 پولنگ سٹیشن بنائے گئے جن میں سے 103 کو حساس اور 60 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا۔ رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 398 ہے۔