اقتصادی راہداری منصوبے کے باعث پاکستان چین تعلقات کو نئی جہت ملی: صدر
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملی ہے اور دونوں ممالک کے نجی شعبہ نے بھی اس میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا ہے جو انتہائی خوش کن امر ہے۔ اس طرح دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔ صدر مملکت ایوانِ صدر میں پاک چائنا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے اعزاز میں اپنی طرف سے دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کررہے تھے، تقریب میں چین کے سفیر مسٹر سن وی ڈونگ، وفاقی وزراء اور دیگر مہمان بھی شریک تھے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کی توقعات پر پورے اْترے ہیں لیکن اقتصادی راہداری منصوبے کی مفاہمت پر دستخطوں کے بعد ہمارے تعلقات نے نئی کروٹ لی ہے اور ہمارے اقتصادی رشتوں میں مزید گہرائی پیدا ہوئی ہے۔+آئی این پیوفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے استحکام کا ذریعہ ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان سال 2014-15ء میں تجارتی حجم 12 ارب 29 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ٗ چینی وفد اور پاکستان کے تاجروں کے درمیان ملاقاتوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں معاشی بحالی، بہتر سیکورٹی اور اچھے نظم و نسق کے لئے کوشاں ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترغیب دی جا سکے۔ وہ پیر کو پاکستان چین تجارتی کاروباری مواقع سے متعلق کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی استحکام، معاشی قوت اور عوام کی خوشحالی چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کے فروغ سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاری کے خصوصی اکنامک زونز پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے پاکستان میں سفیر سن ڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تجارتی سرگرمیاں بتدریج بڑھ رہی ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کانفرنس سے دونوں ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منصوبہ بندی اورترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ فرینڈ شپ کانفرنس سے پاکستان اورچین کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط ہونگے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر چھیالیس ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری ایک سو ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے خطے کی تین ارب کی آبادی مستفید ہوگی۔