• news

مقبوضہ کشمیر : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے صدر محبوبہ مفتی کو حکومت سازی کا اختیار دیدیا

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پی ڈی پی نے صدر محبوبہ مفتی کوحکومت سازی کا اختیار دے دیا ہے۔ سری نگر میں پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی ترجمان ڈاکٹر محبوب بیگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میٹنگ میں مفتی سعید کے اس مشن کو آگے لیجانے کا بھی فیصلہ ہوا جو انہوں نے مفاہمتی سیاست، امن اور خوشحالی کے حوالے سے ریاستی لوگوں کے لیے دیکھا تھا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ڈی پی نے 1999میں جموں و کشمیر میں بہتری کی جانب تبدیلی لانے کے لئے اپنا سفرشروع کیا اور پارٹی نے واضح سیاسی ترجیحات کا تعین کر کے ریاستی عوام کو غیر یقینیت اور عدم استحکام کے اس دلدل سے نکالنے پر اپنی توجہ مرکوز کی جس میں ریاست جموں و کشمیر گذشتہ ساٹھ برسوں سے دھنسی ہوئی ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پارٹی مفتی محمد سعید کا وہ خواب پورا کرنے کے لئے تازہ دم کوششیں کریں گی جو انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کی عزت و آبرو، خوشحالی اور مواقع پیدا کرنے نیز بھارت اور پاکستان کے درمیاں دوستی اور تعاون کے رشتے قائم کرنے کے لئے کی ہیں۔مفتی محمد سعید کا یہ پختہ یقین تھا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل صرف اور صرف بھارت پاکستان کے دوستانہ تعلقات اور تعاون میں مضمر ہے جس کا مرکز جموں کشمیر بنے گا۔

ای پیپر-دی نیشن