سوائن فلو، پنڈی میں مزید ایک شخص جاں بحق، تحقیقات کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست
لاہور/ راولپنڈی (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سوائن فلو کے مریضوں کی آمد کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ لاہور میں شیخ زید ،گنگارام ،جناح اور سروسز میں 7 نئے مشتبہ مریض داخل ہوئے۔ زیادہ تر مریضوں کی عمریں 58 سے 65 برس کے درمیان ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے بھی تمام سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور سپیشل قسم کے پمفلٹس اور تشہیری مہم کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ این این آئی کے مطابق سوائن فلو سے مشتبہ مریضوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ اظہر صدیق نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا اموات ہو رہی ہے اور معلوم نہیں اس کی وجوہات کیا ہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ سرگودہا میں سوائن فلو کے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے اور ای ڈی او ہیلتھ نے تصدیق کردی جبکہ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال نے انکار کردیا۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عاقب نذیر نے بتایا ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سوائن فلو کے شبہ میں 7 مریضوں کو لایا گیا جن میں سے دو افراد کی تصدیق ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق سرگودہا میں سوائن فلو سے تین مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اے این این کے مطابق راولپنڈی میں سوائن فلو سے متاثرہ ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد سوائن فلو سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی، چکلالہ راولپنڈی کے رہائشی ستاسی سالہ سید حسن میں ایک ہفتہ قبل سوائن فلو کی تصدیق ہوئی تھی۔ پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کر دیا ہے۔