• news

اقتصادی راہداری کو پاکستان کے ہر طبقہ کی مکمل حمایت حاصل‘ تعلقات نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں: چینی سفیر

بیجنگ (آئی این پی/سنہوا)پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو پاکستان کے ہر طبقہ کی مکمل حمایت اور تعاون حاصل ہے اورمنصوبے کی کامیابی کے لیے یہ ایک خوش آئند امر ہے۔ یہ بات چین کے سفیر سن ویڈانگ نے یہاں چائنا پاکستان بزنس فرینڈ شپ کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ راہداری منصوبہ کے لیے ایک مربوط منصوبہ بندی،مرحلہ وار پیشرفت ، باہمی مشاورت اور اتفاق رائے ضروری ہے تا کہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے ہمیں اس کی کامیابی کے لیے پر امن اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے تا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کو مزید وسعت دی جا سکے اور کاروبار کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015پاک چین دوستی کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اسی دوران پاک چین دوستی عملی صورت میں ڈھل کر سامنے آئی ہے جبکہ 2016پاک چین تعلقات کی 65 ویں سالگرہ کا سال ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ہم دونوں ملکوں کے درمیان گہری دوستی، اعلیٰ اقتصادی تعلقات اورتعاون کے خواہش مند ہیں۔ جب سے پاکستان اور چین نے فری ٹریڈ معاہدے پر دستخط کئے ہیں تو دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو زبردست فروغ حاصل ہوا ہے۔ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے، اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان 17ارب ڈالر کی تجارت ہو رہی ہے جس میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا بھی سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سرمایہ داردوستی اور تعاون کی اس فضا کو مزید وسعت دے سکتے ہیں تا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مثالی حیثیت اختیار کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر پاکستان کے تمام طبقات کا تعاون حاصل ہونا بڑی خوشی کی بات ہے، تعاون کی اس فضا میں یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی اور تعمیر میں بھرپور کردار ادا کرے گا اور پاکستان ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن