پاکستان نے ایران کوآزاد تجارتی معاہدہ کی پیشکش کردی
اسلام آباد) نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے ایران سے عالمی پابندیاں اٹھنے کے بعد ایران کو آزاد تجارتی معاہدے کی پیشکش کر دی۔ پاکستان میں ایران کے نو متعین سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے آزاد تجارتی معاہدے کیلئے رضامندی کی صورت میں پاکستان چند ہفتوں میں تجارتی معاہدے کے بنیادی اصولوں پر مبنی خاکہ ایرانی حکام کو بھجوا سکتا ہے۔ پابندیوں کے خاتمے کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان موجود ترجیحی تجارت کے معاہدے کو مزید وسعت دے کر آزاد تجارتی معاہدے میں تبدیل کرنے کا یہ موزوں ترین وقت ہے، دونوں ممالک کے مابین بینکنگ روابط آئندہ چند ہفتوں میں بحال ہو جائیں گے۔ پاکستان ایران کے ساتھ تین بارڈر پوسٹوںپر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ انہیں جدید سہولیات سے مزین کرے گا اور وہاں تاجروں کی سہولت کیلئے عالمی معیار کے سسٹم نافذ کرے گا۔ تینوں پوسٹوں کو سڑک کے ذریعے آپس میں ملانے کے منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے، اس سڑک کو بعد ازاں ملک کے شمالی حصے کی طرف جانے والی سڑکوں سے منسلک کر دیا جائے گا۔