’ال چیپو‘ سے روابط پر میکسیکن اداکارہ زیرِ تفتیش
لندن (بی بی سی رپورٹ )میکسیکو کی اداکارہ کیٹ ڈیل کیسٹیلو کو منشیات کے بڑے تاجر ہواکن ’ال چیپو‘ گسمان کے ساتھ روابط کی وجہ سے پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔58 سالہ گسمان کو آٹھ جنوری کو ان کی آبائی ریاست سنالوا کے ساحلی شہر لاس موچس سے گرفتار کیا گیا تھا اور میکسیکو کی حکومت انھیں امریکہ کے حوالے کرنے پر غور کر رہی ہے۔اداکارہ کیسٹیلو نے گذشتہ برس اکتوبر میں منشیات کے تنظیموں کی کارٹیل ’سینالوا‘ کے سربراہ گسمان اور ہالی وڈ کے اداکار شان پین کے درمیان ملاقات طے کرائی تھی۔ڈیل کیسٹیلو اور گسمان کے درمیان دسیوں بار پیغامات کے تبادلے ہوئے جس کے بعد کیسٹیلو اور پین نے شمالی میکسیکو میں ان سے ملاقات کی۔شان پین نے ان کا رولنگ سٹون نامی رسالے کے لیے انٹرویو کیا تھا۔اس ملاقات کے وقت ال چیپو گسمان مفرور تھے۔اداکارہ اور گسمان کے درمیان رابطے کے ذریعے ہی میسیکو کی پولیس ان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔