30 برس سے بند الحمرا سٹوڈیو، ریکارڈنگ روم کھول دیا ہے : عطاء محمد خان
لاہور (سیف اللہ سپرا) لاہور آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے کہا ہے کہ 30 برس سے بند الحمرا سٹوڈیو اور ریکارڈنگ روم کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور اب اس سٹوڈیور میں کام شروع ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمرا سٹوڈیو میں الحمرا سیزن ون کے نام سے پہلا پروگرام شروع کر دیا گیا ہے اور بہت جلد اس سٹوڈیوز میں سی ڈیز بھی تیار کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام الحمرا سیزن ون میں ملک کے باصلاحیت گلوکاروں کو متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کو اعلیٰ تعلیمی ادارے کا درجہ دلوانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الحمرا آرٹ اکیڈمی میں روایتی اور جدید سازوں پر مشتمل بین الاقوامی معیار کا آرکسٹرا بھی ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ثقافت کو دنیا کے دوسرے ممالک میں متعارف کرانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اب تک نیپال، آسٹریا، ڈنمارک، ملائیشیا اور جرمنی کے ثقافتی طائفے الحمرا میں پرفارم کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمرا نے عالمی ادبی ثقافتی کانفرنسوں کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے یہ باادب اور ثقافت کی بہت بڑی خدمت ہے جسے ملک کے ادبی و ثقافتی حلقوں نے بے حد سراہا ہے۔ اس سال اس کانفرنس کو ادبی و ثقافتی فیسٹیول کی شکل دی گئی جو بہت پسند کیا گیا۔