ٹرمپ زہریلا شخص ہے، برطانیہ داخلے کی اجازت نہ دی جائے:ارکان پارلیمنٹ
لندن(صباح نیوز)ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف زہریلی زبان اور اشتعال انگیز خیالات پر یوں تو ہر طرف سے سخت تنقید کی گئی لیکن برطانوی پارلیمنٹ نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر برطانیہ میں داخلے پر پابندی کی قرارداد پر ہونے والی بحث میں ارکان پارلیمنٹ نے ٹرمپ کو زہریلا، احمق اور مسخرہ شخص قرار دے دیا۔برطانیہ میں ساڑھے 5 لاکھ سے زائد شہریوں نے امریکی ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایک درخواست پر دستخط کئے اور مطالبہ کیا کہ ان پر برطانیہ میں آنے پر پابندی عائد کردی جائے جس پر برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کا آغاز ہوگیا۔ سب سے دلچسپ تنقید لیبر پارٹی کے شیڈو منسٹر جیک ڈرومے نے کی جس میں ان کا کہنا تھاکہ ان کا خیال ہے کہ ٹرمپ کو برطانیہ کے ساحل سے ہزار میل دور رکھا جائے۔ڈیموکریٹک پارٹی کے گیون روبنسن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اگرچہ ایک کامیاب بزنس مین ہیں لیکن ساتھ ہی وہ ایک مسخرہ شخص ہے۔ حکمران جماعت کی رکن وکٹوریہ ایٹکنز کا کہنا تھا کہ مسلمانوں پر ٹرمپ کا تبصرہ غلط ہے اور وہ صدر بن گئے تو ایک پاگل صدر ہوں گے ایک اور رکن پارلیمنٹ تولیپ صدیق کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایک زہریلا شخص ہے اور وہ اپنے الفاظ سے کمزور کیمونیٹیز کے درمیان تنا کی آگ کو ہوا دے رہے ہیں۔ برطانوی پارلیمنٹ کی اس شدید تنقید کاجواب دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرنیشنل گلف لنکس کے ایگزیکٹو نائب صدر کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ کی تنقید مضحکہ خیز اور فضول ہے اور اس سے برطانوی پارلیمنٹ ایک خطرناک مثال قائم کرتے ہوئے دنیا کوخوفناک پیغام دے رہی ہے۔