حکمرانوں نے ملک اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر طاہر القادری نے نئے سال کے آغاز پر دہشتگردی کے پے در پے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران آپریشن ضرب عضب کا کریڈٹ ہائی جیک کرنے پر توانائیاں خرچ کرنے کی بجائے قومی ایکشن پلان پر عمل کرتے تو دہشتگردی کو کنٹرول کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے پشاور میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور بے گناہ شہریوں کی اموات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں طاہر القادری نے کہاکہ پہلے بھی کہا تھا کہ موجودہ حکمران دہشتگردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں بلکہ دہشت گردوں کے پروموٹر اور سپورٹر ہیں۔ قومی ایکشن پلان کے حوالے سے ایک سال زبانی جمع خرچ میں گزارنے والے حکمرانوں کو عوام کے جان و مال اور ملکی بقا سے زیادہ اپنے اقتدار اور جان و مال کی فکر ہے، فوجی عدالتوں کے قیام کی مدت 2سال مقرر کرنا بد نیتی پر مبنی اقدام تھا جیسے ہی فوجی عدالتوں کے فیصلوں میں تیزی آئی تو ان فیصلوں کے خلاف اپیلوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، حکمرانوں نے ملک اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ۔