سعودی سفارتخانے پر حملہ غلط اقدام تھا‘ ایران اور اسلام کو نقصان پہنچا: خامنہ ای
تہران (اے ایف پی+ آئی این پی) ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے پہلی بار 2 جنوری کو تہران میں سعودی سفارتخانہ پر حملے کی کھلے عام شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بہت برا اور غلط اقدام تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سے قبل جو برطانوی سفارتخانہ پر حملہ ہوا یہ اسلام اور ایران کے خلاف تھا میں اسے پسند نہیں کرتا۔ سعودی سفارتخانہ پر حملہ سے ایران اور اسلام کو نقصان پہنچا ہے۔ خامنہ ای کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس حملہ کو ہمارے متقی نوجوانوں پر تنقید کے لئے عذر نہیں ہونا چاہئے۔ انقلابی گارڈز کا مشکور ہوں جنہوں نے گذشتہ ہفتے امریکی سیلرز کو حراست میں لیا۔ سعودی سفارت خانے پر حملہ بہت غلط تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی گارڈز نے امریکی عملہ کے ارکان کو رہا کر کے صحیح اقدام کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائل تجربے پر امریکی پابندیاں ناجائز ہیں۔ بیلسٹک میزائل کا تجربہ ایران کے دفاعی مقاصد کیلئے ہے۔