پاکستان پر حملہ کیا گیا‘ بے رحم جواب دیں گے: نوازشریف‘ دہشتگردی کے خاتمے کا وقت دور نہیں: جنرل راحیل
اسلام آباد+لاہور (آئی این پی+آن لائن + خصوصی رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، معصوم طلباء اور شہریوں کو قتل کرنے والوں کا کوئی مذہب نہیں۔ ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن سے متعلق وزیراعظم کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جاتا رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے، دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، انہوں نے سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کا جلد خاتمہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دریں اثنا وزیراعظم نے اے این پی رہنما اسفند یار ولی کو ٹیلی فون کیا اور حملے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا چارسدہ یونیورسٹی پر حملہ پاکستان پر حملے کے مترادف ہے۔ تعلیم دشمن عناصر کو عبرت ناک انجام سے دوچار کریں گے۔ ملک بھر سے دہشت گردوں کو ختم کر کے دم لیں گے، متحد ہو کر دہشت گردوں کو بے رحم جواب دیں گے۔ پرویز رشید نے قومی اسمبلی میں بتایا کہ وزیراعظم نے وزیر اطلاعات اور عبدالقادر بلوچ اور بلیغ الرحمن کو فوری پشاور پہنچنے کی ہدایت کی جو موقع پر پہنچ گئے اور آپریشن سے متعلق معلومات لیں۔ وزیراعظم نے گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب کو بھی فون کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ڈیووس سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ٹیلیفون کیا اس دوران دونوں رہنمائوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیاگیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردوں کی اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، آرمی چیف نے چارسدہ حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بارے میں وزیراعظم کو بریف کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، ہماری عبادت گاہیں، بازار، پارلیمنٹ اور سکول کھلے ہیں اور کھلے رہیں گے۔ چارسدہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم اور سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے بھاگنے پر مجبور ہوئے ہیں، سکیورٹی اداروں کے جن لوگوں نے آپریشن میں حصہ لیا وہ ہمارے محسن ہیں، کسی پر الزام نہیں لگاتے بلکہ ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر دہشت گردوں کو پکڑیں گے۔
چار سدہ (آن لائن+ آئی این پی) باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کیخلاف کئے گئے آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو بریفنگ دی گئی۔ حکام نے آرمی چیف کو دہشت گردوں کی تعداد اور ان کیخلاف آپریشن میں اپنائی گئی حکمت عملی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خاتمے کا عزم کا اعادہ کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد ازجلد گرفتار اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ آرمی چیف نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں سے بھی ملاقات کی اور کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل راحیل شریف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ حملہ ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ہماری ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انسانی جانوں کے ضیاع کا نقصان پورا نہیں کیا جا سکتا، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا۔ آرمی چیف نے ایک ایک زخمی کے پاس جا کر طبیعت کا پوچھا اور کہا کہ عوام آپ کے ساتھ ہے۔