• news

شورکوٹ: شوگر ملز میں بوائلر پھٹنے سے ایک اور شخص دم توڑ گیا، ہلاکتیں 10 ہو گئیں

شورکوٹ + شورکوٹ چھائونی + جھنگ (نامہ نگاران) شورکوٹ میں شوگر ملز میں بوائلر پھٹنے سے زخمی ہونے والا ایک اور شخص چل بسا جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی علاوہ ازیں گزشتہ روز شورکوٹ کینٹ روڈ پر بوائلر پھٹنے سے جاں بحق ہونے والوں میں محمد اسحاق ، سرفراز ، محمد اشرف، محمد سلیم، شان شہزاد، عبد لوارث کو شورکوٹ کے مختلف نواحی علاقہ جات میں سپرد خاک کر دیا گیا نماز جنازہ میں سیا سی سماجی شخصیت سمیت شہر یوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ان کے جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ علاوہ ازیں بدھ کے روز ملتان نشتر ہسپتال میں زبیر خلیل ولد نیاز جو کہ شورکوٹ کے نواحی علاقے کا رہائشی تھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا مرنے والوں کی تعداد دس ہو گئی۔ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں کمشنر فیصل آباد نسیم نواز‘ آر پی او فیصل آباد احسان طفیل ‘ ڈی سی او جھنگ نادر چٹھہ‘ ڈی پی او جھنگ ہمایوں مسعود سندھو شامل ہیں یہ کمیٹی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائے گی اس رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب جاوید نبیل نے کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) نسیم نواز ، ریجنل پولیس آفیسر احسان طفیل ، ڈی سی او جھنگ نادر چٹھہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو کے محکمہ انڈسٹریز ، پولیس اور انتظامیہ کے مقامی افسران کے ہمراہ شور کوٹ کا دورہ کیا۔ وہ کشمیر شوگر ملز گئے۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیکٹری انتظامیہ کے خلاف غفلت اور سیفٹی کے مروجہ قواعد پر عملدرآمد نہ کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن