• news

سعودی عرب ایران کشید گی کا خاتمہ :اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس آج جدہ میں ہو گا

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے آج سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والی ہنگامی اجلاس میں پاکستان کی طرف سے اسلامی ملکوں کو پرامن ذرائع سے باہمی اختلافات حل کرنے کی تجویز دی جائیگی۔ مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز اس کانفرنس میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے کہ کانفرنس کے انعقاد سے استفادہ کرتے ہوئے سرتاج عزیز سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر اور ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی موجودگی کی صورت میں ان کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقاتیں کر کے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ ریاض و تہران کے پراسس کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ تہران میں سعودی عرب کے سفارتخانہ پر حملہ کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے اسلامی کانفرنس تنظیم سے اسلامی وزرائے خارجہ کا فوری اجلاس بلانے کی استدعا کی تھی تاکہ سعودی سفارتخانہ پر حملے کے مضمرات کو زیر غور لایا جا سکے۔ یہ خوش آئند امر ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ریاض اور تہران میں کامیاب سفارتکاری کے بعد یہ اجلاس منعقد ہو رہا ہے اور اب امید کی جاتی ہے کہ طرفین مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے اختلافات کے حل کی جانب بڑھیں کریں گے۔ اس ذریعہ کے مطابق ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای کی طرف سے سعودی عرب کے سفارتخانہ پر حملہ کی مذمت کا بیان نہایت اہم پیشرفت ہے اور اس بیان سے ایران کی اعلیٰ قیادت کے اس حملہ سے کوئی تعلق نہ ہونا بھی ثابت ہوتا ہے۔ آن لائن کے مطابق ایران سعودی عرب کشیدگی کے خاتمے کیلئے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا۔ 40 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اجلاس کا ایجنڈا ایران سعودی عرب کشیدگی کا موضوع ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن