• news

نیب نے 2 سابق فوجی افسرواں‘ کامران کیانی کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو گرفتار کر لیا

لاہور (آن لائن+ نیشن رپورٹ) نیب راولپنڈی نے ڈی ایچ اے اسلام آباد سکینڈل میں ملوث 2 سابق فوجی افسروں سمیت 3 اہم شخصیات کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں سابق ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈئر (ر) جاوید اقبال‘ سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل (ر) صباحت کبیر بٹ اور کامران کیانی کی الزائم کمپنی کے سی ای او وسیم اسلم شامل ہیں۔ زیرحراست افراد پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ ڈی ایچ اے سکینڈل میں ایک ارب80کروڑ روپے کے خوردبرد کا بھی الزام ہے۔ نیب نے تینوں ملزموں کو عدالت میں پیش اور موقف اختیار کیا کہ تینوں کو ڈی ایچ اے سکینڈل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔ عدالت نے تینوں ملزموں کو 29 جنوری تک ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق بریگیڈیئر (ر) جاوید اور کرنل صباحت نے ڈی ایچ اے اسلام آباد کے الاٹمنٹ سرٹیفکیٹ فروخت کر کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی تفتیش مکمل ہونے پر نیب راولپنڈی مرکزی ملزم حماد ارشد کو بھی تحویل میں لے لے گا۔

ای پیپر-دی نیشن