• news

باچا خان یونیورسٹی حملہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کچھ کہنا قبل از وقت ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ چارسدہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، واقعہ کی جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، پاکستان میں داعش کا کوئی منظم نظام نہیں، پاکستان، بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کی تاریخ جلد طے کی جائے گی، دونوں مالک کے سلامتی مشیروں کی جلد ملاقات ہو گی، پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ سانحہ چارسدہ کے دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ان کے تانے بانے افغانستان سے ملنے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ واقعہ کی جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ پاکستان میں داعش کا کوئی منظم نظام نہیں۔ افغانستان کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔ پاکستان بھارت تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ افغانستان سے مختلف معاملات پر رابطے میں رہتے ہیں پاکستان و افغانستان کے درمیان فوجی رابطے بھی جاری ہیں۔ وزیر اعظم کے سعودی عرب اور ایران کے دورے کا مقصد دونوں ممالک میں جاری کشیدگی میں کمی لانا تھا۔ دونوں ملکوں نے پاکستان کی مصالحت کی پیشکش کا مثبت جواب دیا ہے۔ ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے پاک ایران تجارتی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ پاکستان اور امریکہ کے مضبوط اور قریبی تعلقات ہیں اور وزیراعظم کے گزشتہ سال کے دورے سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں گہرا تعاون ہے۔ افغانستان میں قیام امن اور مصالحت کے حوالے تیسرا چار فریقی اجلاس 6 فروری کو اسلام آباد میں ہو گا۔ امریکی حکام کے ساتھ کولیشن سپورٹ فنڈ سمیت کئی معاملات پر رابطے میں ہیں۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی غرض سے پاکستان کے کردار کو دونوں نے مثبت قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن