چائلڈ لیبر‘ مقدمات میں نامزد بھٹہ مالکان کو فوری گرفتار کیا جائے: شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں سے مزدوری کرانا ظلم اور زیادتی ہے اور میں بھٹوں پر بچوں سے مشقت کرانے کے ظلم کو ہر صورت بند کرائوں گا اور ان بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا۔ بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ جہاں کوتاہی یا غفلت کی شکایت سامنے آئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ چائلڈلیبر کے خاتمے کے قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی عذر یا بہانہ نہیں چلے گا۔ وزیر اعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو ہدایت کی کہ جن بھٹہ مالکان کے خلاف چائلڈ لیبر کے خاتمے کے قانون کی خلاف ورزی پر مقدمات درج ہو چکے ہیں انہیں فوری 48گھنٹوں میںگرفتار کیا جائے۔ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے سٹیرنگ کمیٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی چار سدہ میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اینٹوں کے بھٹوں کی 760انسپکشنز کی گئی ہیں اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے قانون کی خلاف ورزی پر128مقدمات درج کر کے 103بھٹہ مالکان اور منیجرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں خیبر پی کے کی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف سے صدرپاک چائنہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن شائو ژوکینگ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد نے باچا خان یونیورسٹی، چارسدہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ شہباز شریف نے لاہور ہائی کورٹ کے سابق جسٹس(ر) میاں محمد اکرم بیٹو کی اہلیہ اور ایڈیشنل سیشن جج جاوید اکرم بیٹو کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔