رض وطن کی خیر ہو یا رب--------- (زاہدتوقیرنیازی )
امن سکون کی کھوج میںہم نے
ہرسوموت کے سائے دیکھے
خون آلودہ بکھرے بستے
پھول کئی مرجھائے دیکھے
مسجد،مکتب ، گرجا گھروں میں
عزرائیل بھی آئے دیکھے
مذھب نام پہ نفرت پودے
جگہ جگہ اگ آئے دیکھے
فرعونوں کے درباروں میں
شیر بھی دم دبائے دیکھے
ہاتھ باندھ کشکول لئے کچھ
حاکم سیس نوائے دیکھے
تبدیلی لانے والے ہی
لَااِلٰہَ بھلائے دیکھے
سبز ہلالی پرچم بھی یاں
بیچ بازار جلائے دیکھے
دین کے رشتے داربنے کچھ
جھوٹے چاچے تائے دیکھے
قول ِقائد اور اقبال
ردی میں پھنکوائے دیکھے
اس خطے کو نگل نہ جائیں
اژگر پھن پھیلائے دیکھے
ارضِ وطن کی خیر ہو یارب
زاہد بھی اکتائے دیکھے