پنجاب حکومت نے نوید احسن کو این ایف سی ایوارڈ کیلئے پرائیویٹ ممبر مقرر کر دیا
لاہور (احسن صدیق) پنجاب حکومت نے ریٹائرڈ بیورو کریٹ نوید احسن کو 9 ویں این ایف سی ایوارڈ کے لیے پنجاب کا پرائیویٹ ممبر مقرر کیا ہے۔ ان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ عہدہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کے پنجاب کی وزیر خزانہ بننے کے باعث خالی ہو گیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 7ویں این ایف سی ایوارڈ کے لیے پنجاب حکومت نے عبدالغفور مرزا کو پرائیویٹ ممبر مقرر کیا تھا۔ نوید احسن وفاقی سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین نیب سمیت کئی کلیدی عہدوں پر رہ چکے ہیں اور انہیں اقتصادی امور کا وسیع تجربہ ہے۔ وزارت خزانہ پنجاب کے حکام نے کہا ہے کہ نوید احسن کی پرائیویٹ ممبر کے طور پر تقرری سے کمشن مکمل ہو گیا ہے۔ اب کمشن کا اجلاس جلد ہو گا اور امید ہے کہ 9واں این ایف سی ایوارڈ رواں مالی سال میں تشکیل پا جائے گا اور آئندہ مالی سال کے بجٹ نئے این ایف سی ایوارڈ کے مطابق بنیں گے۔ واضح رہے کہ 7 ویں این ایف سی ایوارڈ میں پہلے مالی سال 2010-11 کے لئے مرکز کا حصہ 44 جبکہ صوبوں کا حصہ 56 فیصد تھا۔ اور مالی سال 2011-12 سے 2014-15 کے لئے مرکز کا حصہ 42.5 ہو گیا جبکہ صوبوں کا حصہ 57.5فیصد ہو گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب نے 9ویں این ایف سی ایوارڈ کے لئے حکمت عملی تشکیل دی ہے کہ اب مزید بڑے بھائی کا کردار ادا نہیں کرنا کیونکہ ترقیاتی مقاصد کے لیے پنجاب کو خود وسائل کی ضرورت ہے۔