• news

دہشت گردی کیخلاف جنگ جیت کراس لعنت کوجڑ سے ختم کردینگے :ائرچیف مارشل

اسلام آباد/ منامہ (آئی این پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ آرمی کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو ختم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے،دہشت گردوں کے اسلحہ ڈپو اور کمانڈاور کنٹرول مراکز تباہ کر کے نا قابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے، مقامی آبادی کو بنیادی ضروریات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جارہی ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر اس لعنت کو جڑ سے ختم کر دے گا۔ انہوں نے منامہ ائر پاور سیمپوزیم میں شرکت کی ۔ اس سیمپوزیم کی میزبانی رائل بحرینی ائر فورس اور ائر ڈیفنس نے کی جو کہ چوتھے عالمی بحرین ائر شو کا حصہ ہے۔ 20سے زائد فضائی افواج کے سربراہان اورایوی ایشن انڈسٹریز کے بہت سے اعلیٰ عہدیداران نے اس سمپوزیم میں شرکت کی۔ ائیر چیف نے کہا کہ فضائیہ، آرمی کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو ختم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے اسلحہ ڈپو اور کمانڈاور کنٹرول مراکز تباہ کر کے انہیں نا قابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ مقامی آبادی کو بنیادی ضروریات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جارہی ہیں۔ فضائیہ پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر ان علاقوں کے نوجوانوں کو بہترین تعلیم فراہم کرے گی جو ان نوجوانوں کو پاکستان کا بہترین شہری بننے میں مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2014میں شروع ہونے والے آپریشن کو سیاسی قیادت اور پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ پاک فضائیہ کے پاس مکمل صلاحیت ہے کہ وہ دن رات ہر طرح کے موسمی حالات میںآپریشن کر سکتی ہے۔ اور ان فضائی حملوں سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر اس لعنت کو جڑ سے ختم کر دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ فضائی قوت تنہا جنگیں نہیں جیت سکتی مگر اس امر سے بھی انکار نہیں کہ کوئی بھی جنگ فضائی قوت کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔ اسی لیے کوئی بھی سیاسی قیادت جب کسی بحران یا مشکل میں مبتلا ہوتی ہے تو اس کا پہلا انتخاب فضائی قوت ہی ہوتی ہے۔سعودی عرب اور ایران کے درمیان موجودہ تنائو کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ائر چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی -ایران تنازعے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بحران کا پر امن طریقے سے حل ہونا نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات میںموجود تناؤ کو کم کرے گا بلکہ تمام مسلم دنیا کے درمیان محبت اور بھائی چارہ قائم کرنے میں مدد دے گا۔

ای پیپر-دی نیشن