کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 11 ملزم گرفتار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حساس ادارے اور سی ٹی ڈی نے کراچی میں مختلف علاقوں میں کارروائیاں سرانجام دیں، کالعدم القاعدہ اور لشکر جھنگوی کے انتہائی مطلوب 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا نے کہا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد اور دستی بم برآمد کر لئے گئے۔ گرفتار دہشت گردوں سے بارود سے بھرا رکشہ، بم بنانے کے آلات، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں سے شرانگیز مواد اور دیگر سامان بھی ملا ہے۔ دہشت گرد شارع فیصل پر واقع اہم سرکاری عمارت پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں کے حملے سے متعلق نقشے، دہشت گردی کا سامان بھی ملا ہے۔ ادھر ناظم آباد کراچی میں سپورٹس کمپلیکس کے قریب پولیس موبائل پر کریکر حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق موبائل سنیپ چیکنگ پر مامور تھی۔ کریکر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔