مقبوضہ کشمیر کمانڈر کے جنازہ پر فوج کی فائرنگ نوجوان شہید40زخمی
سری نگر(کے پی آئی+آئی این پی) جنوبی کشمیر میں مجاہد کمانڈر شارق احمد بٹ کے جنازے کے اجتماع پر بھارتی فورسز نے فائرنگ کر دی جس سے ایک شہری شہید،40 افراد زخمی ہوگئے۔ پلوامہ واقعے کے خلاف حریت کانفرنس کی اپیل پر جمعرات کو مکمل ہڑتال رہی۔ ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نائن بٹہ پورہ پلوامہ میں فورسز اور مجاہدین میں خونریز تصادم میں حزب المجاہدین کا ایک مجاہد شہید ہوگیا۔ شہید کی نماز جنازہ کے دوران مظاہرین اور فورسز کے مابین جھڑپوں کے دوران فورسز کی ایک گاڑی نذر آتش کی گئی اور فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہو گیا جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے۔ ان واقعات کے بعد پورے علاقے میں زبردست مظاہرے ہوئے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے دونوں کے نمازجنازہ میں شرکت کی۔ انتظامیہ نے علاقے کی صورتحال کے پیش نظر دن بھرریل سروس کو معطل رکھا گیا۔ دوسری جانب نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کی آمد کے پیش نظردہلی اور دوسری ریاستوں میں مقیم کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی ہے ۔ طلبہ کے ساتھ ساتھ کارروباری کاموں کے سلسلے میں بھارتی ریاستوں میں مقیم کشمیری نوجوانوں کی سرگرمیوں پر سکیورٹی و خفیہ ایجنسیاں مسلسل نظریں لگائے ہوئے ہیں جبکہ باہر کے شہروں کے ہوٹلوں و گیسٹ ہائوسز میں مقیم کشمیریوں پر بھی کڑی نظررکھی جارہی ہے۔