ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ‘ پی سی بی فروری میں حکومت سے کھیلنے کی اجازت طلب کرے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی شرکت کیلئے پی سی بی فروری میں حکومت پاکستان کو خط لکھے گا۔ گورنمنٹ کی اجازت ملنے کے بعد کھلاڑیوں کے بھارت کیلئے ویزے اپلائی کیے جائیں گے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق بھارت میں ہونیوالی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کی شرکت کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ حکومت پاکستان سے خط کے ذریعے بھارت جانے کی اجازت مانگے گا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد عالمی کپ کیلئے قومی کرکٹرز کے ویزے اپلائی کیے جائیں گے۔ پی سی بی حکومت کو بھارت میں کھیلنے کیلئے اجازت دینے پر راضی کریگا کیونکہ پی سی بی کی آئی سی سی کے ایونٹ میں شرکت لازمی ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی کپ میں شرکت سے قبل پی سی بی نے ممکنہ طور پر بھارت سکیورٹی وفد بھی بھیج سکتا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے مشاورت اور آئی سی سی حکام کا بھی آگاہ کیا جائیگا۔