سعودی ایران تنازع کے حل کیلئے پاکستانی کوششوں کے مثبت نتائج نکلیں گے: میاں مقصود
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے ایران سعودی تنازع کے حل کے لئے پاکستانی کوششوں کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کے حالیہ دورہ سعودی عرب اور ایران کے اچھے اور مثبت نتائج نکلیں گے اور انشاء اللہ اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ،یورپی ممالک اور اسرائیل مسلمانوں کوشیعہ سنی کی بنیاد پر تقسیم کرکے اپنے مذموم مقاصد پورے کرنا چاہتے ہیں۔ان حالات میں ایران،سعودی عرب،پاکستان اور ترکی کودیگر مسلمان ملکوں کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر حکمت عملی اختیارکرنی چاہئے۔عالم اسلام کا اتحاد وقت کاناگزیر تقاضا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان چونکہ واحد مسلم ایٹمی طاقت ہے اس لئے پاکستانی حکومت کو آگے بڑھ کر اپنا قائدانہ کردار اداکرنا ہوگا۔