• news

بلدیاتی الیکشن: بدین میں ذوالفقار مرزا کے 12 حامی کامیاب، سانگھڑ: پیپلزپارٹی آگے

بدین/ سانگھڑ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سندھ کے ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات کی 221 نشستوں میں سے 103 کے نتائج آئے ہیں۔ غیرعتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔ پی پی 61نشستیں ملیں۔ مسلم لیگ فنکشنل 26، ذوالفقار مرزا کے حامی 12، ایم کیو ایم 3 اور مسلم لیگ ن ایک نشست حاصل کر سکی۔ ذوالفقار مرزا کے حامیوں نے بدین کے بلدیاتی الیکشن میں پھر میدان مار لیا۔ بدین سے پی پی کے صرف 6 امیدواروں کو کامیابی مل سکی۔ 19سیٹوں کے میں سے 12پر ذوالفقار مرزا کے حامی کامیاب ہوئے۔ سانگھڑ کے بلدیاتی الیکشن میں پی پی سب سے آگے ہے۔ پی پی نے سانگھڑ سے 44نشستیں حاصل کرلیں۔ بدین کی ٹائون کمیٹی کڈیو گہنور کی تمام وارڈز کے نتائج آ گئے جس کے مطابق پی پی 9، مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار ایک، ایک نشست پر کامیاب ہوا۔ میونسپل کمیٹی سانگھڑ کے تمام 12وارڈز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل 9، پی پی 2اور ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔ سانگھڑ کی میونسپل کمیٹی سنجھورو کے تمام 3وارڈز سے پی پی کے 2اور فنکشنل لیگ کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔ سانگھڑ کی ٹائون کمیٹی کھپرو کی تمام 18وارڈز کے نتائج بھی آ گئے ہیں۔ پی پی 11اور مسلم لیگ فنکشنل 7نشستوں پر کامیاب ہو گئی۔ میونسپل کمیٹی شہداد پور کے تمام 16وارڈز کے نتائج کے مطابق پی پی 10، مسلم لیگ فنکشنل 4 اور ایم کیو ایم دو نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ سانگھڑ کی ٹائون کمیٹی جام نواز علی کے دو وارڈ سے مسلم لیگ فنکشنل کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔ بدین کی ٹائون کمیٹی تلہار تمام 11وارڈز کے نتائج آ گئے جس کے مطابق 9 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ دو نشستیں پی پی نے حاصل کیں۔ ذوالفقار مرزا کے حمایت یافتہ غلام مصطفی خاصخیلی اور عطاء اللہ شاہ بھی کامیاب ہوئے۔ ذوالفقار مرزا کے حمایت یافتہ 11اور پی پی کے دو امیدوار کامیاب ہوئے۔ اس طرح ذوالفقار مرزا گروپ نے اکثریت حاصل کر لی۔ بدین ٹائون کمیٹی کڑیو گہنور کی 6 نشستوں میں سے 4 پی پی جیت گئی۔ ایک نشست مسلم لیگ (ن)، ایک آزاد امیدوار نے حاصل کی۔ ٹائون کمیٹی ٹنڈو میٹھا خان کی دونوں نشستیں پی پی جیت گئی جبکہ ٹائون کمیٹی پیروول کی دونوں نشستیں آزاد امیدوار جیت گئے۔ ٹائون کمیٹی کنڈیارو کی ٹوٹل تین میں سے دو نشستیں پی پی، ایک فنکشنل لیگ جیت گئی۔ ٹائون کمیٹی جھول کی ٹوٹل 6نشستوں میں سے پی پی اور مسلم لیگ فنکشنل تین، تین نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ ٹائون کمیٹی کھڈڑو کی ٹوٹل 5 نشستوں میں سے فنکشنل لیگ دو، پی پی 2اور ایک آزاد امیدوار نے حاصل کی۔ آئی این پی کے مطابق سانگھڑ کے بلدیاتی انتخابات میں پھر بندوقیں اور لاٹھیاں چل گئیں، کمن تھہیم پولنگ سٹیشن میں جعلی ووٹ ڈالنے کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور فنکشنل لیگ کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈے برسا دئیے جس کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہو گئے۔ دونوں طرف سے لاٹھیوں اورڈنڈوں کا آزادانہ استعمال اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن