• news

اورنج ٹرین کیلئے مالکان کو مارکیٹ ریٹ سے بہتر معاوضہ دیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے نمائندوں کے خدشات بے بنیاد ہیں: ترجمان پنجاب حکومت

لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کے ترجمان نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے بارے میں اقوام متحدہ کے دو (غیر معروف) ذیلی اداروں کے نمائندوں کی طرف سے ظاہر کردہ خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اورنج لائن ٹرین کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو معاوضہ دینے کیلئے 20 ارب روپے مختص کئے ہیں‘ اس معاوضے کا ریٹ شہر میں اس سے پہلے مکمل کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں سے تقریبا دوگنا ہے- اسی طرح انہیں کاروبار کے نقصان اور نقل مکانی کے معاوضے کے طور پر بھی زیادہ سے زیادہ رقم ادا کی جا رہی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ شہر کے گنجان آباد اور قدیم علاقوں میں واقع جائیداوں کی ملکیتی دستاویزات نہ رکھنے والے قابضین کو بھی 20 لاکھ روپے فی مرلہ تک معاوضہ ادا کرنے کی تجویز کا جائزہ زیرغور ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اورنج لائن منصوبے کا ٹریک اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے جس کیلئے کم سے کم اراضی درکار ہو تاکہ کم سے کم شہری اس سے متاثر ہوں اور مالکان کو مارکیٹ ریٹ سے بہتر معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ یہ کہنا سراسر غلط ہے اسکے روٹ میں بار بار تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ اسکا ٹریک بھی ممکن حد تک ان عمارتوں سے دور رکھنے کیلئے اضافی اخراجات کئے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن