چھانگا مانگا: وین نہر میں جا گری، ایک بچے،4 خواتین سمیت14 افراد جاں بحق
قصور+ پتو کی+ پھولنگر + چھانگا مانگا+کوٹ رادھا کشن (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) چھانگا مانگا سے پتو کی کی جانب جانے والی وین کا ٹائر پھٹ جانے سے کنال لنک نہر میں جا گری 4خواتین اور ایک بچے سمیت14 افراد جاں بحق اور 9 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پا کرڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی، اے سی چونیاں اور دیگر انتظامیہ موقع پر پہنچ گئے، نہر میں گر کر شدید زخمی ہونیوالے افراد کو چونیاں اور لاہور کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویگنLOK1877 جب کینال لنک پر پہنچی تو اچانک اس کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ویگن جنگلا توڑتے ہوئے قلابازیاں کھاتی ہوئے نہر میں جا گری اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے پتھروں سے ایک دھماکے کے ساتھ جا ٹکرائی۔ ویگن کے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی گردونواح کے لوگ موقع پر پہنچ گئے حادثہ اس قدر شدید تھا کہ جاں بحق ہونیوالے افراد کو باڈی کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ویگن کا ڈرائیور اکبر اور کنڈکٹر بھی جاں بحق ہونیوالوں میں شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثہ میں جاںبحق افراد کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سپیڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے وین کا ٹائر پھٹا اور ڈرائیور اسے کنٹرول نہ کرسکا۔ جاں بحق افراد میں عبدالمنان، اکبر علی، نیامت علی، محمد حنیف، سلامت، برکت بی بی جبکہ شہزاد زخمیوں میں محمد طارق بلال، عمران، غلام علی، غلام نبی، مریم، محمد سرور، شکیل احمد اور عمارہ شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع پر جاں بحق ہونے اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین بھی موقع پرپہنچ گئے۔چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق 13افراد موقع پر جاں بحق ہونے پر ایک شدید زخمی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ مقامی لوگوں کو بتایا پل کے دونوں اطراف حفاظتی جنگلہ سو سال پرانا ہے اور زنگ آلود ہونے کے باعث ناکارہ ہو چکا ہے۔حادثے میں جاں بحق 4 افراد جمیلہ اسکے بیٹے حماد، نند اور کونسلر افتخار احمد کے بہنوئی محمد حنیف کا تعلق کوٹ رادھا کشن سے تھا۔