• news

سکیورٹی کیلئے افغان بارڈر سمیت تمام سرحدوں کو محفوظ بنانا ہوگا: پرویز خٹک

صوابی (این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا ہے کہ اگر ملک کی سیکیورٹی ٹھیک کرنی ہے تو پاک افغان سرحد سمیت تمام سرحدوں کو محفوظ کرنا ہوگا۔ جب تک ہماری سرحدیں محفوظ نہ ہو تب تک ہمارا ملک اور عوام محفوظ نہیں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کے روز کرنل شیر خان کیڈٹ کالج اسماعیلہ (صوابی)کے چوتھے یوم والدین تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر جو حملہ ہوا تھا وہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ ہمارے ملک اور صوبے کو پاسپورٹ کے بغیر لوگ آتے ہیں ہم وفاق اور آرمی سے مل کر اپنے ملک کو محفوظ کرینگے۔ جب ملک کے سر حدات محفوظ ہو تو میں یقین دلاتا ہو ں کہ ہمارے سکولز، کالجز اور شہر محفوظ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت کو افغانستان کے ساتھ بھی بات کرنی چاہئے اور کھل کر اس سلسلے میں موقف اختیار کیا جائے۔ اب فیصلہ کن مرحلہ ہے اس ملک کے مستقبل کے فیصلے ہم سب ملکر کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پولیس ملک و قوم کیلئے قر بانیاں دیتے ہیں ہم انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ہم ملک و قوم کیلئے قر بانیاں دیتے رہیں گے۔ تاہم اس پر سوچنا ہو گا کہ دہشت گردی کی روک تھام اور امن کیلئے کونسا آخری راستہ ہے۔ انہوں نے کیڈٹ کالج میں یوم والدین تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کالج کیلئے سالانہ دو کروڑ روپے گرانٹ جاری کر نے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ کرنل شیر خان کیڈٹ کالج ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں لہٰذا انہیں چاہئے کہ وہ علم، مہارت اور مثبت رویوں کے حصول کیلئے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لائیں تاکہ وہ ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔

ای پیپر-دی نیشن