کراچی آپریشن بلاتفریق ہے، منطقی انجام تک جاری رہیگا: ڈی جی رینجرز
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن بلاتفریق جاری ہے جسے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ وہ ایم این اے عبدالحکیم بلوچ کی قیادت میں رینجرز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنیوالے 100 رکنی بلوچ جرگے سے ملاقات کے موقع گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچ عوام امن دشمنوں اور جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھیں، عوام جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن پر دیں۔ انہوں نے کہاکہ شہری 24 گھنٹے اس ہیلپ لائن پر جرائم پیشہ عناصر سے متعلق اطلاعات پہنچا رہے ہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز نے کراچی میں مقیم بلوچ مشران کے جرگے کو ہیڈ کوارٹرز آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں آپریشن سے پہلے اور بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ جرگے نے رینجرز کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اس دوران شہر میں امن و امان کے قیام میں سکیورٹی کی صورتحال سمیت باچا خان یونیورسٹی پشاور میں دہشت گرد حملے کے تناظر میں صوبے اور شہر میں تعلیمی اداروں سمیت تمام جامعات کی سکیورٹی سخت کرنے کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس عزم ظاہر کیا گیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہیگا۔ صوبے اور شہر میں امن و امان کے قیام میں سکیورٹی اداروں کی کارکر دگی کو بھی سر اہا گیا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہر اور صوبہ میں امن و امان کو یقینی بنایا۔