ق لیگ، تحریک انصاف کے وکلا کل لوکل باڈیز قانون کیخلاف پٹیشن دائر کرینگے: شجاعت
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے اعلان کیا ہے کہ ق لیگ اور تحریک انصاف کے وکلاء مشترکہ طور پر کل پیر کو لوکل باڈی قانون کیخلاف عدالت میں پٹیشن دائر کرینگے۔ ق لیگ پنجاب کے تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لوکل باڈی کے حوالے سے مسلم لیگ ن جو کالا قانون لے کر آئی ہے یہ دھاندلی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے اپنے ہی لوگوں پر اعتماد نہیں، شیڈول آنے کے بعد کوئی نیا قانون نہیں بنایا جا سکتا، سیکرٹ ووٹنگ ہوتی تو مسلم لیگ (ن) کو پتہ تھا کہ بہت سے اضلاع میں اپ سیٹ ہو سکتا ہے جن لوگوں نے ضمیر کے مطابق ووٹ دینا تھا انہیں روکنے کیلئے یہ قانون لایا گیا ہے۔ اجلاس میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے، سینیٹر کامل علی آغا، احمد یار ہراج، چودھری ظہیر الدین، محمد بشارت راجہ، مونس الٰہی، نعمان لنگڑیال، سعید احمد شیخ، انور بھنڈر، عامر سلطان چیمہ، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، میاں عمران مسعود، قمر حیات کاٹھیا، میاں منیر، میاں عبدالستار، خدیجہ فاروقی، آمنہ الفت، ماجدہ زیدی، کنول نسیم، محمد علی گجر، محمد عرفان اور تمام ضلعوں کے صدور اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی میں شہید ہونیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ قبل ازیں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہماری پارٹی پنجاب میں تیسرے نمبر پر ہے، ہمارا نظریہ قائداعظم کا نظریہ ہے جبکہ باقی جماعتوں کا نظریہ وہی ہے جو ان کے پارٹی قائد کا ہوتا ہے۔ سعودی ایران تنازعہ یکطرفہ طور پر حل نہ کیا جائے، افغانستان میں امن کی بحالی کے بغیر پاکستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔