الیکشن کمشن نے مزید درجنوں افسروں کے تبادلوں کی فہرستیں تیار کرلیں
اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن نے 54افسران کے تبادلے کے بعد مزید درجنوںکی فہرستیں تیار کرلیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے مزید سینکڑوں افسران کے تبادلوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں، اس سے قبل گزشتہ روز بھی الیکشن کمشن کے اٹھارویں گریڈ کے 54 افسروں کا تبادلہ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت کے مرکزی سیکرٹریٹ سے اٹھارویں گریڈ کے 6 جبکہ چاروں صوبوں سے 48 افسروں کو دوسرے صوبوں میں تبدیل کیا گیا اسی طرح صوبوں کے ملازمین کو دوسرے صوبوں میں بجھوایا گیا۔ ذرائع کے مطابق بعدازاں مرحلوں میں ملک بھر سے دیگر افسران کی بھی اکھاڑ بچھاڑ کی جائے گی۔ کمشن میں اس وقت اٹھارویں گریڈ کے 170 افسر ہیں۔ 19 ویں گریڈ کے 40، 20ویں گریڈ کے 10 سے زائد جبکہ 21 ویں گریڈ کے 8 سے زائد افسر ہیں جن کے تبادلوں کے لئے الیکشن کمشن کے ڈائریکٹر ایڈمن کی جانب سے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک کے تبادلوں میں کئی تجربہ کار اور قابل افسروں کو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے اور مستقبل میں ہونے والے تبادلوں میں اہم افسران کو دیگر علاقوں میں معمولی ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں۔