پاکستان بزنس کونسل سے100چینی سرمایہ کاروں کی ملاقات ،راہداری پر بریفنگ
اسلام آباد(این این آئی) پاکستان بزنس کونسل نے 100 چینی سرمایہ کاروں کے وفد کی میزبانی کی۔ اس سیشن میں کراچی میں اعلیٰ معیار اوربہترین کاروبار کے حوالے سے گفتگو بھی کی گئی جہاں چینی وفد کو ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور امکانات پر بریفنگ دی گئی۔چینی وفد کے سربراہ اور سفیر ہونے کے ساتھ سیشن کے مہمان خصوصی شا زوخانگ نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستانی معیشت کی بہتری اور مدد کیلئے چینی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی اور ان کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے متعلقہ حلقوں کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری کیلئے کی جانے والی انتھک کوششوں کو بھی سراہا۔سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے ترقی اور منصوبہ بندی کامرس انویسٹمنٹ ، توانائی کے سیکٹرز، سرمایہ کاری بورڈکے ڈائریکٹر جنرل اور تھر کول پراجیکٹ پر پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں نے چینی وفدکو مختصر بریفنگ دی اور مقامی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور اس کی صلاحیت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیاکہ چند برسوں میں پاک چین تجارت کا حجم بڑھ کر 12ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین بشیر علی محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اور چین کا اتحاد ہمیشہ سے ہی ہماری قوت رہا ہے۔ یہ تعلق صنعت، معیشت، توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کرے گا۔امید ہے ہم ناصرف اس تعلق کو برقرار رکھیں گے بلکہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعے اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش بھی کریں گے۔انہوں نے کہا اقتصادی راہداری محض سڑک کی تعمیر، ریلوے کا نظام یا توانائی کے منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ یہ ہزارہا کاروباری منصوبوں اور سماجی سرگرمیوں تک پھیلا ہواہے جو روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور مجموعی ملکی پیداوار کی شرح کو اعلیٰ سطح تک لے جانے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔