• news

پٹھانکوٹ حملہ ناقابل معافی جرم، بھارت نے برداشت کا مظاہرہ کیا، پاکستان کو دہشت گردوں کے نیٹ ورک ہر صورت ختم کرنا ہونگے: اوباما

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ چارسدہ میں طالب علموں پر حملہ ثابت کرتا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے، پاکستان تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کر سکتا ہے اسے ضرور کرنا چاہیے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی پالیسی درست ہے تاہم پاکستان کو مزید موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اوباما نے دہشتگردوں کے خلاف پاکستانی سکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسندوں کو ختم کرنے کے لئے مزید اقدامات کرنے ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں دہشتگردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پاکستان نے پشاور حملے کے بعد متعدد شدت پسندگروپوں کے خلاف کارروائی کی تاہم اس کے باوجود اب بھی دہشتگردوں کے حملے جاری ہیں۔ پاکستان کو اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور نرسری کو ہر حالت میں ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔ امریکی صدر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستانی وزیراعظم نوازشریف سے پٹھانکوٹ حملے کے بعد رابطے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں لیڈر خطے میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کا سامنا کرنے کیلئے بات چیت کا عمل آگے بڑھا رہے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف اس بات کو سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سکیورٹی خدشات ملک اور خطے کے استحکام کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس موقع ہے کہ وہ دہشتگردی کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے اور دہشتگردوں کو منتشر کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ آئی این پی کے مطابق انٹرویو میں امریکی صدر نے دہشت گردی کے خلاف ایک مرتبہ پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بھارتی معیشت کے استحکام کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے پٹھانکوٹ حملے کے بعد پاکستان کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کئے جانے والے کریک ڈائون کی تعریف کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شدت پسندوں کے خلاف سخت ایکشن لینا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے یہ ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے کہ وہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ اوباما نے کہا کہ نہ صرف اس خطے میں بلکہ پوری دنیا میں دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ اوباما نے کہا کہ پٹھانکوٹ حملہ دہشت گردی کا ناقابل معافی جرم ہے اور اس پر بھارت نے پھر بھی بہت برداشت کا مظاہرہ کیا ہے۔ واضح رہے یہ حملہ مودی کے اچانک دورہ پاکستان اور نواز شریف سے ملاقات کے بعد ہوا۔ اوباما نے پاکستان پر زور دیا کہ اسے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو کچلنے کیلئے سنجیدگی دکھانا ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن